وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ٹیکس نظام میں شفافیت، عوام کے اعتماد کو فروغ دینے اور محصولات میں اضافے کے لیے جدید، خودکار ٹیکس مینجمنٹ سسٹم کے استعمال پر زور دیا ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں جاری اصلاحات کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے نظام میں انسانی مداخلت اور صوابدیدی اختیارات کو کم سے کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ خودکار، جدید اور موثر ٹیکس مینجمنٹ نظام کا یہ منصوبہ حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر اصلاحات کا عمل ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے جاری رہے گا۔غیر قانونی سگریٹس کے خلاف موثر کارروائیوں پر وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے انکم ٹیکس وصولی کے مجوزہ آٹومیٹڈ نظام کا پائلٹ پراجیکٹ اسلام آباد سے شروع کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ٹیکس کا نیا مجوزہ نظام جائیدادوں، گاڑیوں اور بینکوں کے ڈیٹا کے ذریعے کم ظاہر کی گئی آمدن اور اثاثوں کی نشاندہی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
اجلاس میں ان لینڈ ریونیو کی وصولیوں کو مزید موثر، شفاف اور فیس لیس بنانے کیلئے ایک جامع منصوبہ پیش کیا گیا۔