Thursday, 04 June 2026, 10:39:57 pm
 
برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول حکومت کی اولین ترجیح ہے،وزیراعظم
June 04, 2026

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی ترقیاتی اہداف کا حصول حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں قومی معیشت کی مجموعی ترقی اور نیشنل ٹیرف پالیسی پر عملدرآمد سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملکی صنعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے نیشنل ٹیرف کمیشن کی فعال اور شفاف کارکردگی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کو سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں کی سہولت کے لیے اپنا فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

وزیراعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن کو انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سمیت دنیا میں رائج بہترین طریقوں اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں نیشنل ٹیرف پالیسی دوہزار پچیس تا تیس پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل ٹیرف پالیسی دوہزار پچیس تا تیس کے تحت مختلف شعبوں کے لیے ٹیرف میں مرحلہ وار کمی کی جائے گی جس کا مقصد برآمدات پر مبنی اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کرنا ہے۔

اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ لاجسٹک کے شعبے کی ترقی اور فروغ کے لیے ریفر کنٹینرز اور سیمی ٹریلرز پر عائد ڈیوٹی ختم کر دی جائے گی۔

تعمیراتی شعبے کو فروغ دینے کے لیے خصوصی گاڑیوں اور مشینری پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی جا رہی ہے۔

کینسر کی ادویات میں استعمال ہونے والے خام مال پر کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی جائے گی جس کا مقصد دواسازی کے شعبے کو سہولت فراہم کرنا ہے۔