Wednesday, 04 November 2026, 12:06:10 am
 
صدر اور وزیراعظم کا بلوچستان میں 17 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
November 03, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 17 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے ضلع خاران میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران شہید ہونے والے سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے تحت کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک ملک سے بیرونی عناصر کی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ انہوں نے ملک سے دہشت گردی کی تمام اقسام اور مظاہر کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔