سینیٹ کے چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پارلیمانی روابط، تجارت و سرمایہ کاری، تعلیم، دفاعی تعاون اور عوامی روابط کے فروغ کے ذریعے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زوردیاہے۔
انہوں نے یہ بات پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹموتھی کین سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ اپنے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے ۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ جمہوری اقدار اور مضبوط عوامی روابط کو اجاگرکیا۔
انہوں نے پاکستان کی ترقی بالخصوص تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوںمیں آسٹریلیا کے کردار کو سراہا اور آسٹریلیا کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں پاکستانی تارکین وطن کی قابل قدر خدمات پراطمینان کااظہارکیاہے۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ اور پارلیمانی تعاون مزید مضبوط بنانے کی آسٹریلیا کی خواہش کا اظہار کیا۔