وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرغستان سے واپس پہنچتے ہی وزارتِ صحت کے امور اور پمز آتشزدگی واقعے کے حوالے سے ہنگامی اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، سیکریٹری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد محمود اور پمز ہسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد سلمان نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو شعبہ صحت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، جبکہ پمز آتشزدگی واقعے کے حوالے سے جاری تحقیقات پر بھی خصوصی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ عبوری تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجرمانہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم نے وزیرِ صحت اور سیکریٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ دونوں متبادل دنوں میں پمز ہسپتال میں اپنی ذاتی موجودگی یقینی بنائیں اور اپنی نگرانی میں ہسپتال کی بہتری کے لیے اقدامات پر عملدرآمد کروائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پمز ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولیات کی بہتری اور تمام تر حفاظتی اقدامات کا اطلاق یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے شعبہ صحت میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔