Wednesday, 02 September 2026, 02:28:48 pm
 
پاکستان اور کرغزستان کے درمیان اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق
September 02, 2026

پاکستان اور کرغزستان نے اقتصادی شراکت داری مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے آج بشکیک میں وزیراعظم شہباز شریف اور کرغزستان کے صدر صادیر جاپاروف کے درمیان بات چیت کے دوران طے پایا۔

اس کے بعد صحافیوں سے مشترکہ طور پر گفتگو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملک دوطرفہ تجارت کو بتدریج بیس کروڑ ڈالر تک بڑھانے، تجارتی نظام کو بہتر بنانے اور مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر مشتمل جامع منصوبے پر کام کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان مشترکہ اقتصادی تعاون کے فروغ کا مشترکہ وژن آگے بڑھانے کیلئے دونوں ملکوں کے کاروباری اور مالیاتی اداروں کے درمیان روابط بڑھانے کا خیرمقدم کرتا ہے۔

وزیراعظم نے راہداری تجارت کے معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تجارت آسان بنانے، لاجسٹکس بہتر کرنے اور علاقائی روابط کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں فریقوں نے کاسا ایک ہزار منصوبے پر بروقت عمل درآمد کی اہمیت کا اعادہ کیا اور توانائی کے شعبے میں بجلی، پن بجلی، قابل تجدید توانائی، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور جدید ٹیکنالوجی میں عملی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام کا خیرمقدم کیا۔

وزیراعظم نے تعلیم، سائنس و ٹیکنالوجی، صحت، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون میں توسیع پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے لاہور اور اوش کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے قیام کا خیرمقدم کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دونوں فریقوں نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور دیگر موجودہ خطرات کے خلاف جنگ میں تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ماحولیات اور موسمیاتی مسائل پر تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کرغزستان کو وسطی ایشیا میں اپنا سب سے اہم اور قابل قدر شراکت دار سمجھتا ہے۔

اپنے خطاب میں کرغزستان کے صدر نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب عالمی کشیدگی بڑھ رہی ہے، دوستی مضبوط کرنا، باہمی مفاہمت کو گہرا کرنا اور تعاون کو فروغ دینا پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

اپنے خطاب میں کرغزستان کے صدر نے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب عالمی کشیدگی بڑھ رہی ہے، دوستی کو مضبوط کرنا، باہمی مفاہمت کو گہرا کرنا اور تعاون کو فروغ دینا پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں فریق دواسازی، زراعت، توانائی، ہلکی صنعت، سیاحت، ڈیجیٹل معیشت، ورچوئل اثاثوں اور دیگر شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے تیار ہیں۔

کرغزستان کے صدر نے پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

اس سے قبل پاکستان اور کرغزستان نے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے متعدد مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے، جن میں ٹرانزٹ تجارت، منشیات کی غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام، تعلیم، تعلیمی تحقیق، سائنس و ٹیکنالوجی، ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی، ورچوئل اثاثے، ڈاک کی خدمات اور ای کامرس شامل ہیں۔

لاہور اور اوش کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔

کرغزستان کے صدر صادیر جاپاروف اور وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ اعلامیے پر بھی دستخط کیے۔