وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ جدید شاہراہوں کی تعمیر اور محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے فیصل آباد میں کمال پور انٹرچینج کے دورے کے دوران کہا کہ ایم فور موٹروے کے فیصل آباد—پنڈی بھٹیاں سیکشن کو چار سے چھ رویہ کرنے کے ترپن کلومیٹر طویل توسیعی منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم فور موٹروے کو جدید بنایا جائے گا، جہاں مسافروں کی سہولت کے لیے خوبصورت آرام گاہیں بھی قائم کی جائیں گی۔
عبدالعلیم خان نے حکام کو تعمیراتی کاموں میں تیزی لانے کے لیے مشینری اور افرادی قوت کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔
انہوں نے حکام کو پنڈی بھٹیاں—فیصل آباد سیکشن پر روشنی کا مکمل انتظام یقینی بنانے اور مسافروں کی سہولت کے لیے ایک ہفتے کے اندر آرام گاہوں کے ڈیزائن کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔