Sunday, 01 November 2026, 03:05:29 pm
 
وزیر پیٹرولیم کا توانائی کی بچت کے رجحان کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور
November 01, 2026

وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے مقبول فیصلے کرنے کے بجائے ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر کے تحفظ کو ترجیح دی ہے۔

انہوں نے آج لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کم کرنے کی غرض سے مخصوص طبقوں کیلئے سبسڈی متعارف کرائی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی آتے ہی حکومت صارفین کو ریلیف فراہم کرے گی۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی سے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں متاثر ہوئیں۔

انہوں نے کہاکہ توانائی کی بچت کیلئے معمولی اقدامات بھی قیمتی زرمبادلہ بچانے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

علی پرویز ملک نے توانائی کی بچت کے رجحان کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ موسم سرما کے دوران توانائی کا غیر ضروری استعمال نہ کریں۔