(File Photo)
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے اناسیویں یوم آزادی پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے ڈوگرہ راج کیخلاف تاریخی جدوجہد میں حصہ لینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ اناسی سال قبل آج کے دن گلگت بلتستان کے غیور عوام نے ڈوگرہ راج کی غلامی کا خاتمہ کرکے آزادی کا اعلان کیا اور اس کے کچھ ہی عرصے بعد پاکستان کے ساتھ الحاق کیلئے قائداعظم کو خط بھیجا۔
صدر نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے پاکستان کے دفاع اور ترقی میں گراں قدر کردارادا کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ علاقے کی آزادی کیلئے رہنماؤں اور بہادر عوام کا مثالی عزم، حوصلہ اور قربانیاں زبردست خراج تحسین کی مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اقتصادی چیلنجز سے نمٹنے اور ادارہ جاتی و انتظامی اصلاحات متعارف کرانے کی غرض سے صوبائی حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔