Tuesday, 24 September 2024, 03:23:30 am
 
صدر کا سعودی عرب کیساتھ دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
September 23, 2024

صدر آصف علی زرداری نے سعودی عرب کے ساتھ معیشت ،تجارت، دفاع، ثقافت، تعلیم اور لوگوں کے درمیان روابط کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدر نے ا ن خیالات کا اظہار پیر کے روز اسلام آباد میں سعودی عرب کے قومی دن کی 94 ویں سالگرہ کے موقع پر ایک استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدر نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود ،ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان بن عبد العزیز السعود اور سعودی عرب کے عوام کو ان کے قومی دن کے موقع پر دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا دونوں برادر ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں شاندار تعلقات ہیں اور انہوں نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کی مدد کی ہے۔

صدر زرداری نے ولی عہد محمد بن سلمان کے ویژن اور سعودی عرب کی طرف سے حاصل کی گئی نمایاں ترقی کو سراہا۔