Tuesday, 24 September 2024, 03:25:59 am
 
وزیراعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئےامریکہ پہنچ رہے ہیں
September 23, 2024

وزیراعظم شہبازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اناسی ویں اجلاس میں شرکت کیلئے آج امریکہ پہنچ رہے ہیں۔

وہ جمعے کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریںگے۔

دورے کے دوران وزیراعظم"امن کیلئے قیادت، سمندر کی بلند ہوتی سطح سے بڑھتے ہوئے خطرات"کے عنوان سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلی سطح کے عام مباحثے "پائیدار ترقیاتی اہداف 2024 لمحہ" میں بھی شرکت کریںگے۔

شہبازشریف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس، صدر جنرل اسمبلی Philemon Yang،  صدر یورپی کمیشن Ursula Von Der Leyen ، گیٹس فائونڈیشن کے بانی بل گیٹس، صدر عالمی بنک اجے بنگا اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات کریںگے۔

وزیراعظم فلسطین میں صہیونی مظالم اور جارحیت رکوانے اور اس حوالے سے اقدامات تیز کرنے کے حوالے سے عالمی برادری پر زور ڈالنے پر تبادلہ خیال کیا جائیگا۔

وہ دوست ملکوں کے سربراہان مملکت کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں بھی کرینگے اور اقوام متحدہ کی رکنیت کو چالیس سال مکمل ہونے پر برونائی دارالسلام کے سلطان Hassanal Bolkiah کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے میں شرکت کرینگے۔

شہبازشریف اقوام متحدہ کی رکنیت کے پچاس سال مکمل ہونے کے موقع پر بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائرز کی جانب سے دئیے گئے عشائیے میں بھی شریک ہوںگے۔

اس کے علاوہ وزیراعظم امریکہ پاکستان بزنس کونسل اور پاکستانی بنکاروں سے ملاقات کرینگے اور انہیں حکومت کی کاروبار اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے بارے میں آگاہ کرینگے۔

 وزیراعظم دنیا کو درپیش مسائل ماحولیاتی تبدیلی کے خطرات، خطہ میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی قربانیاں اور عالمی اقتصادی نظام سے متعلق مسائل اور قرض میں پھنسے ہوئے ممالک کے مسائل عالمی رہنمائوں کے سامنے اٹھائیں گے۔

وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے جاری مظالم اور اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینیوں کی جاری نسل کشی پر بھی اظہار خیال کریںگے۔

وزیردفاع خواجہ محمد آصف، اطلاعات ونشریات کے وزیر عطااللہ تارڑ، وزیرتعلیم وپیشہ ورانہ تربیت خالد مقبول صدیقی اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی دورے میں وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔