Tuesday, 24 September 2024, 05:27:31 am
 
وزیراعظم جنرل اسمبلی میں عالمی وعلاقائی امورپرپاکستان کانقطہ نظرپیش کریں گے
September 23, 2024

وزیراعظم محمد شہباز شریف نیویارک میں رواں ہفتے عالمی رہنماؤں کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہوں گے جس میں عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ایک سو تیس سے زائد سربراہان مملکت و حکومت کل شروع ہونے والے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطح کے 79 ویں مباحثے میں حصہ لیں گے۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم جمعے کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

وزیراعظم اپنے خطاب میں تنازعہ جموں و کشمیر اور مسئلہ فلسطین سمیت کئی اہم بین الاقوامی اور علاقائی اُمور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔

وزیراعظم علاقائی امن، سلامتی و خوشحالی میں اقوام متحدہ کے کردار کی حمایت اور کثیر جہتی اُمور پر پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کریں گے۔

وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سطح سمندر کی بلندی سے پیدا ہونے والے موجودہ خطرات اور امن کے لئے قائدانہ کردار پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بحث سمیت اعلیٰ سطح کے کئی اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔

وہ متعددعالمی رہنمائوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے بھی ملیں گے۔