پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملتان کے تاریخی شہر میں سیاحت کا ایک بڑا مرکز بننے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں ملتان سے تعلق رکھنے والے ارکانِ صوبائی اسمبلی کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ قلعہ کہنہ قاسم باغ کی بحالی اور دیگر تاریخی مقامات سے متعلق منصوبے ملتان کے شاندار ورثے کو محفوظ بنانے اور شہر میں سیاحت کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے ارکانِ صوبائی اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ جاری ترقیاتی منصوبوں کی کڑی نگرانی کریں اور ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔