وزیراعظم کے وژن کے تحت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے قونصلر سہولیات میں توسیع، پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت اب پاکستان ہائی کمیشن لندن میں بھی دستیاب ہے۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا ہے کہ جائیداد کی منتقلی کے لیے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو پاور آف اٹارنی، کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
پاکستان ہائی کمیشن نے کہا کہ جائیداد کی منتقلی براہِ راست ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کی جاتی ہے۔
بیان کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے یہ طریقہ کار شفاف، تیز رفتار اور کم خرچ ہے جبکہ انہیں جائیداد کی منتقلی کے لیے پاکستان سفر کرنے کی ضرورت بھی نہیں رہتی۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن نے کہا کہ مسٹر فضل اور ان کے اہلِ خانہ کی جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کا عمل کامیابی سے مکمل کیا گیا۔
ہائی کمیشن نے کہا کہ وہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی جائیداد کی براہِ راست اور ڈیجیٹل منتقلی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہے۔