پاکستان کسان اتحاد اور سول سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ملتان میں قوم کی حیات شہدا کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں پاک فوج، پولیس اور دورانِ فرائض شہید ہونے والے بہادر سپوتوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
کمشنر ملتان، کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر، شہدا کے اہلِ خانہ، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے کانفرنس میں شرکت کی۔تقریب کے دوران شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ شہدا کے ورثا میں یادگاری سووینئرز بھی تقسیم کیے گئے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ ہر شہری کو دیانتداری سے اپنے فرائض انجام دیتے ہوئے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج تجدیدِ عہد کا دن ہے، پولیس اور پاک فوج دہشت گردی کے خلاف مسلسل برسرِ پیکار ہیں اور ملک کے امن و استحکام کے لیے عظیم قربانیاں دے رہی ہیں۔
سی پی او ملتان نے کہا کہ ہمیں اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ملتان کو امن کا گہوارہ بنانا ہے۔
کسان اتحاد کے مرکزی صدر خالد محمود کھوکھر نے شہدا کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہدا کی قربانیوں کا قرض کبھی ادا نہیں کر سکتی۔
تقریب میں شہدا کے اہلِ خانہ نے اپنے پیاروں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان سے وابستہ یادیں، جذبات اور احساسات بھی شرکا کے ساتھ شیئر کیے۔