Monday, 24 August 2026, 08:29:04 am
 
فیسکو کے اکثریتی حصص کے حصول میں ملکی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی
August 08, 2026

وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ کئی ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے اکثریتی حصص کے حصول میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ نجکاری کمیشن کو فیسکو کے اکیاون فیصد حصص کے لیے دلچسپی کے اظہار موصول ہوئے، جن میں تین ترک کمپنیاں، ایک چینی کمپنی اور پاکستانی کاروباری گروپ شامل ہیں۔

خرم شہزاد نے کہا کہ یہ پیش رفت ملک کے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے لیے سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔

فیسکو ان تقسیم کار کمپنیوں میں شامل ہے جن کی نجکاری پر غور کیا جا رہا ہے۔ دیگر کمپنیوں میں گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی بھی شامل ہیں۔