پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے امریکی سرمایہ کاروں کو پنجاب سٹارٹ اپ فنڈ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔
انہوں نے لاہور میں امریکی کاروباری وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب معاشی ترقی کی رفتار تیز کرنے کے لیے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تکنیکی معاونت کے شعبوں میں امریکہ کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف پندرہ لاکھ جدید ٹیکنالوجی کے ماہر گریجویٹس تیار کرنا ہے، جن میں چالیس فیصد حصہ خواتین کا ہوگا۔ اس کے علاوہ بارہ سو سٹارٹ اپس اور بتیس ہزار انٹرنز کی بھی معاونت کی جائے گی۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں بیس خصوصی اقتصادی زونز اور دو برآمدی پروسیسنگ زونز موجود ہیں، جہاں ون ونڈو سرمایہ کاری سہولت کے نظام اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے کاروبار سے متعلق منظوریوں کا عمل آسان بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل وفاقی سطح پر سرمایہ کاری سے متعلق معاملات تیزی سے آگے بڑھانے میں بھی معاونت فراہم کرتی ہے۔