Saturday, 25 July 2026, 02:14:17 am
 

مزید خبریں

 
جمے تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید شدید بارشوں کی پیش گوئی
July 22, 2026

آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے 22 سے 24 جولائی کے دوران شدید مون سون بارشوں اور مغربی ہواؤں کے سلسلے کے باعث دریاؤں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا انتباہ جاری کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز، جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارشوں کے باعث اچانک سیلاب، پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، پنجاب اور بلوچستان کے مختلف دریاؤں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جبکہ دریائے چناب، دریائے جہلم اور دریائے راوی کے مختلف مقامات پر بھی سیلاب کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے نے راولپنڈی، جہلم، فیصل آباد، میانوالی، خوشاب، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، پشاور، نوشہرہ، چارسدہ اور مردان کے نشیبی علاقوں میں شہری سیلاب کے خدشے کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

ادارے نے عوام کو حساس مقامات اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کی تیاری اور ممکنہ طور پر بند ہونے والی شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام سے کہا ہے کہ وہ بروقت معلومات کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے استفادہ کریں، جبکہ تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔