Saturday, 25 July 2026, 02:15:30 am
 

مزید خبریں

 
این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف حصوں میں موسم کے حوالے سے ممکنہ خطرات کا الرٹ جاری کر دیا
July 21, 2026

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے رواں ماہ کی 24 تاریخ تک ملک کے مختلف علاقوں کیلئے موسم کے حوالے سے ممکنہ خطرات کا الرٹ جاری کیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگتـ بلتستان کے اضلاع ہنزہ، شِگر اور گانچھے میں شمشال، ہنزہ، چپورسن، کِلیک، شِگر، شیوک اور ہوشے دریائوں میں اچانک سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔

آزاد جموں و کشمیر میں دریائے جہلم، دریائے نیلم، دریائے پونچھ، دریائے مہل، بیٹار نالہ، بھمبر نالہ، کانشی دریا اور جہلم و پونچھ کے معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا میں دریائے چترال، دریائے کابل، دریائے سوات، دریائے پنجکوڑہ، مقم نالہ، کلپانی نالہ سمیت خیبر، کرم، اورکزئی، کوہاٹ، بنوں، کرک، ہنگو، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، بونیر اور صوابی کے مقامی ندی نالوں میں سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے۔

پنجاب میں ڈی جی خان کے پہاڑی برساتی نالوں، دریائے سواں اور پوٹھوہار ریجن، جبکہ شمالـمشرقی بلوچستان کے برساتی ندی نالوں اور دریائوں میں بھی طغیانی کا امکان ہے۔

راولپنڈی، جہلم، گوجرانوالہ، سرگودھا، خوشاب، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، لاہور، اوکاڑہ، چکوال اور اٹک کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو دریائوں اور ندی نالوں کی مسلسل نگرانی، امدادی ٹیموں کی پیشگی تعیناتی اور حساس علاقوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی ہے۔

عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ حساس مقامات اور پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔