آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ آج سے جمعرات تک شدید مون سون بارشوں کے باعث مشرقی اور مغربی دریاؤں، ندی نالوں اور نشیبی شہری علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں اور مغربی ہواؤں کے مضبوط سلسلے کے باعث گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور شمالی بالائی پنجاب میں سیلاب جبکہ پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔
دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر اور منگلا کے قریب دریائے جہلم کے بالائی علاقوں میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ مصدقہ معلومات اور رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔