Thursday, 02 July 2026, 05:25:40 pm
 
وزیراعظم کی موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لئے جامع حکمت عملی اپنانے کی ہدایت
July 01, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وفاقی اور صوبائی وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ موسم برسات اور موسمیاتی خطرات سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے مکمل رابطے کو یقینی بناتے ہوئے جامع حکمت عملی اپنائیں۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں مون سون کی تیاریوں اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان موثر اور جامع تعاون ناگزیر ہے۔

شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی کے وزیر اور قومی ہنگامی امدادی ادارے کے چیئرمین کو بھی ہدایت کی کہ وہ رواں ہفتے کے دوران تمام صوبوں اور آزاد جموں و کشمیراور گلگت بلتستان کے ہنگامی دورے کریں تاکہ مون سون کی تیاریوں کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیراعظم نے وزیر منصوبہ بندی و ترقی کی نگرانی میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا۔

انہوں نے وزیر خزانہ کو مون سون کے باعث ممکنہ آفات کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مالی ضروریات پوری کرنے کی غرض سے ہنگامی فنڈ کے قیام کیلئے پیشگی تیاری مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں پانی کے شعبے کے منصوبوں پر کام تیز کرنے کیلئے اضافی تین سو تیس ارب روپے مختص کیے ہیں جن کا مقصد قومی آبی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی کہ وہ تجاوزات کا بروقت خاتمہ یقینی بنائیں اور خطرے سے دوچار اضلاع میں ندی نالوں اور ممکنہ سیلابی راستوں میں رکاوٹ ڈالنے والے دیگر مسائل حل کریں۔

انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ مون سون کے موسم میں عوام کی سہولت اور تحفظ کے لیے اپنی پوری ادارہ جاتی اور تکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔