Thursday, 02 July 2026, 05:23:14 pm
 
نائب وزیراعظم کا پاک چین دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
July 01, 2026

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاک چین دیرینہ دوستی کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

وہ آج اسلام آباد میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے قیام کی 105ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور چین نے ہمیشہ ایک دوسرے کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور کلیدی مفادات کی حمایت کی ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری نے توانائی کی قلت کو دور کرنے، بنیادی ڈھانچہ بہتر بنانے اور روزگار کے مواقع پیدا کرکے پاکستان کو تبدیل کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں صنعت کاری، زراعت، کان کنی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انسانی وسائل میں اعلیٰ معیار کی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔