وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے عوام کو ڈیجیٹل خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے نیشنل سائبر سکیورٹی اینڈ سوشل میڈیا آگاہی کونسل کے قیام کی تجویز دی ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں سائبر سکیورٹی آگاہی ویک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبائی حکومتیں، وفاقی وزارتیں، ڈویژنز اور دیگر ادارے بھی مجوزہ کونسل کی رکنیت حاصل کر سکتے ہیں۔
انہوں نے سال بھر ہر سطح پر آگاہی مہم جاری رکھنے کے لیے کونسل کے قیام میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت کی زیادہ مربوط اور مؤثر حکمت عملی کو ہر شہری تک یکساں طور پر پہنچانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سکول، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر نصاب میں ڈیجیٹل تعلیم کو شامل کرنا ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر نے ملک کے ہر ادارے میں ڈیجیٹل خواندگی سیل قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔