نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ترکیہ کے یوم فتح کے ایک سو چار سال مکمل ہونے کے موقع پر ترکیہ کی قیادت، حکومت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اس تاریخی فتح کی خوشی منانے میں اپنے ترک بھائی بہنوں کے ساتھ شریک ہے اور غازی مصطفی کمال اتاترک سمیت ترکیہ کی جنگ آزادی کے تمام ہیروز اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بھائی چارے کا ایک مثالی رشتہ قائم ہے جودونوں ملکوں کے عوام کے درمیان باہمی اعتماد اور گہری محبت پر مبنی ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات جامع اور کثیر جہتی شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے دیرینہ تعلقات مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔