سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر کل اسلام آباد کا سرکاری دورہ کریں گے۔
یہ دورہ اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ یہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے ساٹھ سال مکمل ہونے کے موقع پر ہو رہا ہے اور دو ہزار ستائیس میں سنگاپور کی جانب سے آسیان کی صدارت سنبھالنے سے قبل کیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ بالاکرشنن پاکستان اور سنگاپور کے تعلقات کے تمام پہلوئوں پر دوطرفہ بات چیت کریں گے۔ وہ باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
پاکستان کے قومی ہنگامی امدادی ادارے اور سنگاپور کی سول ڈیفنس فورس کے درمیان آفات کے اثرات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون پر مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ بالاکرشنن پاکستان کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔