پاکستان اور عمان نے پاکستانی نوجوانوں اور ہنرمند کارکنوں کے لیے روزگار کے مواقع، ہنر کی ترقی اور افرادی قوت کی برآمد کے امکانات بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس حوالے سے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور عمان کی وزارت محنت کے انڈر سیکرٹری خالد بن سالم الغماری کے درمیان مسقط میں ملاقات ہوئی، جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں زیادہ طلب والے ہنر کی نشاندہی کر رہا ہے جہاں پاکستانی افرادی قوت جا رہی ہے تاکہ اپنے تربیتی پروگراموں کو بین الاقوامی لیبر مارکیٹ کی مخصوص ضروریات سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمان پاکستان کی ہنرمند اور نیم ہنرمند افرادی قوت کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔
انڈر سیکرٹری خالد بن سالم الغماری نے یقین دہانی کرائی کہ عمان کی حکومت پاکستانی کارکنوں، بالخصوص نوجوانوں کے لیے افرادی قوت کی برآمد، ہنر کی ترقی اور روزگار کے مواقع کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔