Sunday, 30 August 2026, 10:48:46 am
 

مزید خبریں

 
پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ڈیجیٹل فنانس اور ٹیکنالوجی تعاون بڑھانے کے لیے اہم پیشرفت
August 29, 2026

پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ڈیجیٹل فنانس اور ٹیکنالوجی تعاون بڑھانے کے لیے اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے ہانگ کانگ میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کی ہیں۔

پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق بلال بن ثاقب نے ہانگ کانگ مانیٹری اتھارٹی کے ڈپٹی چیف ایگزیکٹو، سیکریٹری فنانس اور رکن اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں ٹوکنائزڈ کیپٹل مارکیٹس، ڈیجیٹل بانڈز اور سیٹلمنٹ انفراسٹرکچر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فن ٹیک، ویب تھری، مصنوعی ذہانت اور سائبر سیکیورٹی میں تعاون کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ادارہ جاتی تعاون، تکنیکی تبادلوں اور مالیاتی شعبے میں عملی اشتراک پر بھی گفتگو ہوئی۔ چیئرمین پاکستان ورچوئل ایسٹس ریگولیٹری اتھارٹی بلال بن ثاقب نے کہا کہ ہانگ کانگ پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور عالمی سرمایہ کاروں کے درمیان اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ورچوئل اثاثوں کے لیے ریگولیٹری بنیادیں قائم کردی ہیں، جس کا مقصد معاشی فوائد حاصل کرنا ہے۔ بلال بن ثاقب نے کہا کہ پاکستان کا مقصد معتبر کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا اور حقیقی مالیاتی استعمال کے مواقع پیدا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹوکنائزڈ کیپٹل مارکیٹس اور ریگولیٹری ٹیکنالوجی میں عملی پیشرفت پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔