Wednesday, 01 July 2026, 12:29:57 am
 
سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائیوں میں 29 دہشتگرد ہلاک کردیئے،وزیراطلاعات
June 29, 2026

سکیورٹی فورسز نے پاک افغان سرحد کے قریب خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن اور اس کے بعد کی گئی کامیاب کارروائیوں میں دہشت گردوں کے کیمپوں اور ٹھکانوں کو نشانہ بنایا اور اس دوران 29 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ یہ کارروائی ملک بھر میں عسکریت پسندوں کے متعدد حملوں کے جواب میں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اس آپریشن کے بعد سرحدی علاقے میں جماعت الاحرار اور 'فتنہ الخوارج' سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور پناہ گاہوں کے خلاف بھرپور حملے کیے گئے، جس میں ان کے انتیس کارندے ہلاک ہو گئے۔

عطا اللہ تارڑ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے ایک گروپ کے خلاف خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر زمینی کارروائی کی۔

کامیاب کارروائی کے نتیجے میں انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر خان فروش عرف زابل، بھارتی حمایت یافتہ جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے تین دیگر دہشت گردوں سمیت ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر متعدد زخمی ہو گئے۔

خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن غضب للحق کے تسلسل میں باوثوق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر 28 اور 29 جون کی درمیانی رات پاک افغان سرحدی علاقے میں جماعت الاحرار اور فتنہ الخوارج کے دہشت گرد کیمپوں اور ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

کارروائی کے دوران پکتیا، پکتیکا اور کنڑ میں دہشت گردوں کے تین ٹھکانے تباہ کر دیے گئے، جس کے نتیجے میں پچیس دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

ان ٹھکانوں پر ذخیرہ کیے گئے اسلحہ اور گولہ بارود کی بڑی مقدار بھی تباہ کر دی گئی۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی کوشش کی ہے لیکن اپنے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔