وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔
وہ آج اسلام آباد میں بہبود آبادی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی سے قومی وسائل پر دباؤ بڑھ رہا ہے اور ترقی کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی بہتری سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے نیشنل پاپولیشن کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد از جلد بلانے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل کا تنظیمی ڈھانچہ جلد از جلد مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نیشنل پاپولیشن کونسل کی سربراہی خود کریں گے۔
نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر اسٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔
اجلاس کو ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور کنٹرول و بہبود کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ میں کہا گیا کہ سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے جوڑا جائے گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ خواتین کی تعلیم اور انہیں معاشی طور پر بااختیار بنانا آبادی پر قابو پانے کی حکمت عملی کا اہم جزو ہو گا اورآبادی میں توازن اور قابو پر موثر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ اسلامی ممالک بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ایران میں آبادی پر قابو کے کامیاب پروگرام چل رہے ہیں۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ قومی پاپولیشن کونسل صوبائی حکومتوں کے تعاون سے قومی سطح پر موثر مہم چلانے میں مددگار ثابت ہو گی جبکہ نیشنل پاپولیشن کونسل کا سیکریٹریٹ وزارت منصوبہ بندی ہوگی۔
اجلاس میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔