وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے آج راولپنڈی میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تیزگام اور کراچی ایکسپریس سمیت تمام ٹرینوں کی اگلے سال جون تک تزئین و آرائش کر دی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے تینتالیس انجنوں کو مال بردار ٹرینوں کے لیے وقف کیا جا رہا ہے، جبکہ اس سال کے آخر تک ریلوے کے بیڑے میں سولہ نئی پاور کوچز شامل کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بقیہ نوے پاور کوچز کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جائے گا۔
ملازمین کی فلاح و بہبود کے حوالے سے حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی اسٹیشن پر بین الاقوامی معیار کے گارڈ اور ڈرائیور رومز تیار کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لاہور، کراچی، روہڑی اور خانیوال سمیت دیگر بڑے اسٹیشنوں پر بھی یہ جدید ترین سہولتیں جلد فراہم کی جائیں گی۔