Friday, 12 June 2026, 06:06:03 am
 
سپاہی مقبول حسین کی ساتویں برسی آج عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے
August 28, 2025

وطن کی خاطر اپنی جان اور جوانی قربان کرنے والے عظیم سپوت سپاہی مقبول حسین کی آج ساتویں برسی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ وطن سے محبت اور عقیدت میں پاکستانی جوانوں کا کوئی ثانی نہیں۔

جب بھی مادرِ وطن پر کڑا وقت آیا، ہمارے سپاہیوں نے لبیک کہا اور لازوال قربانیوں کی نئی داستانیں رقم کیں۔

ایسی ہی ایک مثالی قربانی اور جرات کا استعارہ سپاہی مقبول حسین ہیں جنہوں نے اپنی بہادری سے نہ صرف دشمن کو للکارا بلکہ اسیری کے دوران صبر و استقامت کی ایسی مثال قائم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔

سپاہی مقبول حسین کا تعلق آزاد کشمیر کے علاقے تراڑ کھل سے تھا اور وہ پاک فوج کی 4 آزاد کشمیر رجمنٹ کا حصہ تھے۔

1965 کی جنگ میں انہوں نے اپنے وطن کا دفاع کرتے ہوئے شجاعت اور جوانمردی کی ناقابلِ فراموش مثال قائم کی۔ تاہم 20 اگست 1965 کو وہ میدانِ جنگ میں شدید زخمی حالت میں بھارتی فوج کے ہاتھوں قید ہو گئے۔

طویل قید کے دوران بھارتی فوج نے سپاہی مقبول حسین پر بدترین جسمانی اور ذہنی تشدد کیا لیکن وہ اپنے وطن کے رازوں کے محافظ بنے رہے۔

ان کی زبان سے نکلا ہر لفظ پاکستان زندہ باد تھا جو آج بھی قومی غیرت اور حب الوطنی کی علامت ہے۔قوم آج ان کے یومِ وفات پر انہیں سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے اور ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔