نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آج سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور راس تنورہ میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کے المناک واقعے پر تعزیت کی۔
اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے اس افسوسناک واقعے پر دلی تعزیت کا اظہار کیا، جس کے نتیجے میں 14 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
شہزادہ فیصل نے اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور برادرانہ جذبے کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے خطے کی حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا اور بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل کرتے ہوئے خطے میں امن کے فروغ کے لیے کام جاری رکھنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہزادہ فیصل نے کہا کہ وہ جلد از جلد باہمی طور پر طے شدہ مناسب تاریخوں پر پاکستان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جس کا اسحاق ڈار نے خیرمقدم کیا اور اُمید ظاہر کی کہ یہ دورہ جلد پایۂ تکمیل کو پہنچے گا۔