Saturday, 28 November 2026, 08:12:36 am
 
پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کا علاقائی امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم
November 27, 2026

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

یہ بات نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے آج رات اسلام آباد میں مشترکہ دفاع کے مکہ معاہدے کی تزویراتی، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے دوسرے اجلاس کے اختتام پر پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ تینوں ممالک نے مشترکہ دفاع کے مکہ معاہدے کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا، جن میں اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام شامل ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تزویراتی، سیاسی اور دفاعی کمیٹی نے باہمی دلچسپی کے امور پر تعاون اور رابطوں کو مزید مضبوط بنانے، علاقائی کشیدگی میں کمی کی کوششوں کی حمایت اور تنازعات کے پُرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی حوصلہ افزائی کے حوالے سے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔