Saturday, 28 November 2026, 08:12:38 am
 
وزیراعظم کی ایس ایم ایز کے لیے بینک فنانسنگ کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ہدایت
November 27, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی بینک فنانسنگ تک رسائی کے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں ایس ایم ای فنانسنگ کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ایز معیشت میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور انہیں سہولت فراہم کرنے سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع تلاش کرنے کے لیے ایس ایم ایز کو مؤثر رہنمائی اور تعاون فراہم کیا جائے۔

شہباز شریف نے پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے دستیاب برآمدی ڈیٹا کو مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے قرض کی ضمانتوں کے لیے متبادل معیار کے طور پر ایس ایم ایز کے کیش فلو کو مدنظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ایس ایم ایز کو بینکوں کی جانب سے قرضوں کی فراہمی سے متعلق قواعد و ضوابط کا جائزہ لینے اور فنانسنگ کا عمل تیز کرنے کے لیے سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران بینکوں نے جون دو ہزار اٹھائیس تک ایس ایم ایز کو بیس کھرب روپے کے قرضے فراہم کرنے اور قرض دہندگان کی تعداد بڑھا کر سات لاکھ پچہتر ہزار تک لے جانے کے عزم کا اظہار کیا۔