وزارت اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک نے بہاولپور میں سبحان اللہ مسجد کی تعمیرِ نو سے متعلق بھارتی میڈیا کے جھوٹے اور گمراہ کن بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔
فیکٹ چیک کے مطابق ٹائمز آف انڈیا کا یہ دعوی من گھڑت ہے کہ پاکستان نے مسجد کی تعمیرِ نو کے لیے سرکاری سطح پر 25 کروڑ روپے فراہم کیے ہیں۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے فیکٹ چیک نے کہا کہ بھارتی گودی میڈیا سیاسی سرپرستی میں من گھڑت کہانیاں گھڑ کر معرکہ حق میں پاکستان کے بھرپور جواب سے ہونے والی سبکی چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔
فیکٹ چیک کے مطابق نام نہاد آپریشن سندور کے دوران بھارت نے غیر قانونی کارروائی کرتے ہوئے بے گناہ عورتوں، بزرگوں اور بچوں کو نشانہ بنایا، جبکہ معرکہ حق میں پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد بھارت مسلسل اپنا بیانیہ تبدیل کرکے حقائق مسخ اور اپنے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ حالیہ سندور ڈاکیومنٹری بھی حقائق اور شواہد کے بجائے بالی ووڈ طرز کی ڈرامائی پیشکش اور مبالغہ آرائی کے ذریعے بھارتی بیانیہ مسلط کرنے کی ناکام کوشش ہے۔
فیکٹ چیک کے مطابق ٹائمز آف انڈیا کی من گھڑت رپورٹ اور سندور ڈاکیومنٹری بے بنیاد دعوں کے ذریعے بھارتی شکست اور سبکی چھپانے کی منظم بیانیہ سازی کا تسلسل ہیں۔