Thursday, 27 August 2026, 11:47:14 am
 
افغانستان میں طالبان رجیم کی غیرقانونی پابندیاں، افغان خواتین خودکشی پر مجبور
August 23, 2026

افغانستان میں طالبان رجیم کے دور میں خواتین کے خلاف صنفی امتیاز اور بنیادی حقوق کی پامالی سنگین صورتحال اختیار کر گئی ہے۔

عالمی جریدے''دی گارڈین'' کی رپورٹ کے مطابق طالبان رجیم نے افغان خواتین پر سخت پابندیاں عائد کرکے ایسا نظام قائم کیا ہے جس میں ملک کی نصف آبادی اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے۔

رپورٹ کے مطابق طالبان رجیم خواتین پر اپنا تسلط برقرار رکھنے کیلئے قوانین میں اپنی مرضی کے مطابق تبدیلی اور ان کا استعمال کرتی ہے، جبکہ کم عمری کی شادی اور گھریلو تشدد کے حوالے سے بھی تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے۔

دی گارڈین کے مطابق افغانستان میں خواتین کے طلاق کے حق پر بھی پابندیاں عائد ہیں، جبکہ دنیا کے دیگر ممالک کے برعکس افغانستان میں خودکشی کے 80 فیصد واقعات اور کوششیں خواتین سے متعلق ہیں۔

افغان تحقیقاتی ادارے''زن ٹائمز'' نے بھی خواتین کے قتل کی تشویشناک صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں خواتین کے قاتلوں کو سزا سے بچنے کے مواقع حاصل ہیں۔

عالمی رپورٹس کے مطابق طالبان رجیم کے دور میں افغانستان افغان خواتین کیلئے غیر محفوظ ماحول اور انسانی حقوق کے حوالے سے سنگین چیلنجز کا مرکز بن چکا ہے۔