حکومتِ آزاد جموں و کشمیر امن و امان قائم رکھنے، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور معمولاتِ زندگی بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بات خصوصی سیکرٹری داخلہ آزاد جموں و کشمیر چوہدری گفتار حسین نے مظفرآباد میں آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ترجمان عرفان مسعود کشفی کے ہمراہ مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
سیکرٹری داخلہ نے واضح کیا کہ کسی بھی مسلح یا پرتشدد گروہ کو ریاست کی عملداری چیلنج نہیں کرنے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی آزاد جموں و کشمیر میں امن، استحکام، ریاستی عملداری اور معمول کی زندگی کو متاثر کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کمیٹی احتجاج، پروپیگنڈے اور سوشل میڈیا پر غلط معلومات کے ذریعے لوگوں کو ریاستی اداروں کے خلاف اکسانے اور بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم گروہ احتجاج کے دوران خواتین، بچوں اور طلبہ کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جو ایک غیر اخلاقی عمل اور ان کی حفاظت و مستقبل کے لیے خطرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ گروہ پاکستان دشمن بیانیے کو فروغ دے رہا ہے، مسلح افواج کو نشانہ بنا رہا ہے، شاہراہیں بند کر رہا ہے اور ضروری اشیاء کی ترسیل میں رکاوٹیں پیدا کر رہا ہے۔
خصوصی سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق رواں ماہ کی 27 تاریخ کو ہوں گے۔
آزاد جموں و کشمیر پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاست میں معمولات زندگی بحال کرنے کے لیے کارروائیاں کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاری آپریشن کا بنیادی مقصد شاہراہوں کو کلیئر کرانا اور عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔