Monday, 26 October 2026, 01:58:12 pm
 
صدر اور وزیراعظم کا ڈیرہ اسماعیل خان میں چھ دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
October 25, 2026

صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم چھ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے آپریشن عزمِ استحکام کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں مادر وطن کے دفاع میں جانیں قربان کرنے والے شہدا کی بہادری، فرض شناسی اور عظیم قربانی کو سراہا۔

انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ صدر نے کہا کہ دہشت گردوں اور ان کے مقامی سہولت کاروں کی سازشیں ہر قیمت پر ناکام بنائی جائیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بہادر سپاہیوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی روشن مثال ہیں۔