وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے ہونہار طلبہ کے لیے پانچ لاکھ کروم بکس اور مائی فائی ڈیوائسز تقسیم کرنے کی اسکیم کا آغاز کر دیا ہے۔
ان جدید آلات کو سرکاری اسکولوں اور مدارس کے نمایاں طلبہ میں تقسیم کرنے کی افتتاحی تقریب آج اسلام آباد میں ہوئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کروم بکس طلبہ کی محنت اور تعلیمی قابلیت کے اعتراف میں خالصتاً میرٹ پر تقسیم کی جائیں گی اور اس سلسلے میں ان کے معاشی پس منظر یا تعلیمی ادارے کی بنیاد پر کوئی امتیاز نہیں کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت دینی مدارس میں زیر تعلیم طلبہ سمیت تمام ہونہار طلبہ کے لیے تعلیم کے یکساں مواقع یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت دانش اسکولوں کے نیٹ ورک کو بھی وسعت دے رہی ہے تاکہ معیاری تعلیم، جدید سہولتیں اور کسی مالی بوجھ کے بغیر مستحق طلبہ کو سیکھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔