بلوچستان کی سیاسی قیادت نے گوادر میں فتنہ الہندوستان کی دہشت گردی کی کوشش ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صوبائی وزرا اور سیاسی رہنمائوں نے خواتین کو دہشت گردی میں دھکیلنے کی فتنہ الہندوستان کی حکمت عملی پر شدید برہمی کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ خواتین کو ایک بے مقصد تنازعے میں گھسیٹ کر فتنہ الہندوستان نے قبائلی روایات کو پامال کیا ہے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے خواتین کو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں دھکیلنے کی حکمت عملی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی موثر اور بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔
صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے کہا کہ تعلیم بلوچستان کے روشن مستقبل کی بنیادی ضمانت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو گمراہ کن پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنے کے لیے تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔