اقتصادی امور کے وزیر احد خان چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی فیول ریلیف سکیم ملک بھر میں کامیابی سے جاری ہے۔
انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں وزیراعظم کی فیول ریلیف سکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
احد چیمہ نے رکشوں اور لوڈرز کو درپیش رجسٹریشن سے متعلق مسائل فوری طور پر حل کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ مستحق مالکان کو امدادی کوشش سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی سے کہا کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹوکن ادائیگی سے متعلق شکایات کو ایک مخصوص شکایتی پورٹل میں شامل کیا جائے اور اسے جلد فعال کیا جائے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ شہریوں کو سکیم سے آگاہ کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سکیم کے تحت پچاس لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کرا چکے ہیں اور فیول ٹوکن کامیابی سے جاری کیے جا رہے ہیں۔
زیادہ تر پٹرول پمپس پر رجسٹریشن سے متعلق اور دیگر مسائل بھی حل کر دیے گئے ہیں۔