وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان بھر کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر سکھانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے یہ بات امریکہ میں مقیم پاکستانی برداری اور نوجوانوں کے وفود سے نیویارک میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کے دوران کہی۔
شہباز شریف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے دور سے باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس، وظائف اور معاشی طور پر کمزور طلباء و طالبات کو دانش اسکولز کے ذریعے یکساں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا، وہ بطور وزیر اعظم پاکستان بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک عالمی معیار کی 'دانش یونیورسٹی' کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پختہ یقین ہے کہ پاکستان کی قسمت صرف نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔
نوجوانوں نے وزیرِ اعظم کے نوجوانوں کی ترقی بالخصوص آئی ٹی، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کاروبار میں آسانی کیلئے اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔