Friday, 25 September 2026, 03:35:02 am
 
خلیج تعاون کونسل کی علاقائی امن واستحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف
September 24, 2026

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81 ویں اجلاس کے موقع پر خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل جاسم محمد البدیوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور خلیج تعاون کونسل اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ پاکستان کی قریبی شراکت داری کی تعریف کی۔

دونوں جانب سے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، سلامتی اور باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔