وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے پیشگی انتظامات کی ہدایت کی ہے۔
وہ اسلام آباد میں پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیرِ پیٹرولیم نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال یا سڑکوں کی بندش کی صورت میں پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل متاثر نہ ہونے دی جائے۔
ایڈیشنل سیکریٹری ریلوے نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ریلوے سڑکوں کی بندش کی صورت میں ڈیزل کی ترسیل کیلئے زیادہ سے زیادہ بوگیاں دستیاب کرے گا اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں سپلائی کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔
اس موقع پر پاکستان سٹیٹ آئل کو ڈپوئوں پر وافر مقدار میں ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے پیشگی انتظامات کی ہدایت کی گئی۔
اوگرا نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنانے کیلئے ایک خصوصی کنٹرول روم قائم کیا ہے۔
وزیر پیٹرولیم نے ہدایت کی کہ اٹک ریفائنری کو خام تیل کی مسلسل فراہمی اور تیار مصنوعات کی ترسیل یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں ۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر مؤثر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت 10 ہزار پٹرول پمپس میں سے 8,500 سے زائد کو ادائیگیاں کردی گئیں ہیں۔ حکام نے بتایا کہ پیٹرول پمپس کو ادائیگیوں کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔
علی پرویز ملک نے اوگرا کو ہدایت کی کہ اہل صارفین کو فیول ریلیف سے محروم کرنے والے پٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی جائے۔
پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے کامیاب عملدرآمد پر حکومت کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔