Saturday, 25 January 2025, 01:46:13 am
 
انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے سدباب کیلئے خصوصی ٹاسک فورس قائم
January 24, 2025

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے سدباب کیلئے خصوصی ٹاسک فورس قائم کردی جس کی سربراہی وزیرِاعظم خود کریں گے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے واقعے پر ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعظم نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات کے دلخراش واقعے پر مجھ سمیت پوری قوم غمزدہ ہے۔

انہوں نے انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کے کارندوں کی گرفتاریوں میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے اس مکرہ دھندے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام ادارے بشمول وزارت خارجہ انسانی سمگلروں کی نشاندہی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ 

اس موقع پر وزیرِ اعظم کو غیر قانونی تارکین وطن کی کشتی میں پاکستانیوں کی اموات میں ملوث گروہوں کے خلاف کارروائیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اب تک  انسانی سمگلنگ میں ملوث 6 منظم گروہوں کی نشاندہی کی گئی ہے اوراس سلسلے میں 12 مقدمات درج کئے جاچکے ہیں۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث 25 افراد کی نشاندہی ہوئی ہے جن میں 3 اہم افراد کی گرفتاری عمل میں لائی جاچکی ہے جبکہ 16 لوگوں کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالے گئے ہیں۔

اجلاس کو گاڑیوں، بینک اکاؤنٹس اور اثاثہ جات ضبط کرنے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو ایف آئی اے کے مشتبہ اہلکاروں اور افسران کے خلاف اقدامات اور بیرون ملک جانے والی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا۔

وزیرِاعظم نے انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہوں کی نشاندہی کرکے انہیں عبرتناک سزا دلوانے کی ہدایت۔