پاکستان اور آذربائیجان کے مشترکہ کمیشن کا آٹھواں اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی غیر متزلزل حمایت کر رہا ہے، جبکہ پاکستان ناگورنو کاراباخ کے معاملے پر آذربائیجان کے موقف کی حمایت کرتا ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ دونوں ممالک تذویراتی شراکت داری میں بھی بندھے ہوئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں آذربائیجان کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے گا کیونکہ یہ شراکت داری دونوں ممالک کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگی۔
پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دفاعی تعلقات پر بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں ہونے والے معاہدے ان تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آذربائیجان خطے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔