Wednesday, 21 October 2026, 04:55:59 am
 
محنت کش خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا، چوہدری سالک حسین
October 20, 2026

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ محنت کشوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کا تحفظ اور ان کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

وہ لیبر کمپلیکس فیز ٹو، ٹیکسلا کی تقریبِ سنگِ بنیاد سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل احمد ملک، رکن صوبائی اسمبلی محسن ایوب خان، سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی ملک عمر فاروق اور دیگر حکام و شخصیات نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ لیبر کمپلیکس فیز ٹو کی مجموعی منظور شدہ لاگت 110 کروڑ 60 لاکھ روپے ہے اور منصوبہ 24 ماہ سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔ اس کے تحت لڑکوں اور لڑکیوں کے ہائی اسکول، جونیئر پرائمری اسکول، مسجد اور منی مارکیٹ تعمیر کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ لیبر کمپلیکس ٹیکسلا میں پہلے ہی 504 فلیٹس تعمیر کیے جا چکے ہیں، جن پر 131 کروڑ 40 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ ان میں سے 70 فلیٹس پاکستان آرڈیننس فیکٹریز، واہ کینٹ کے شہداء کے لیے مختص کیے گئے تھے۔ ان فلیٹس کی چابیاں مستحق خاندانوں کے حوالے کرنے کے لیے متعلقہ وزارتوں اور حکام کے ساتھ رابطہ جاری ہے۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ وہ سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں اور عوامی خدمت کو اقتدار کا بنیادی مقصد تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ منصوبے میں تعمیراتی معیار، شفافیت اور مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔