Monday, 21 September 2026, 03:41:00 am
 
صدر ، وزیراعظم کا ہنگو آپریشن میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
September 20, 2026

 

فائل فوٹو

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

اپنے بیانات میں انہوں نے فتنۃ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور 4 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والوں کی بہادری اور جرأت کو سراہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ قوم کے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے وطن عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء نے قوم کے مستقبل اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پوری قوم اپنے بہادر شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔