انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہا ہے۔
یہ اظہارِ تحسین آج اسلام آباد میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل سوزین راب اور فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس سے الگ الگ ملاقاتوں کے دوران کیا گیا۔
ملاقاتوں کے دوران غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے دونوں اداروں کے ساتھ باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود یورپ کی طرف غیر قانونی ترکِ وطن میں چونسٹھ فیصد کمی لانا ایک مشکل کام تھا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سرحدی انتظام مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق متعلقہ اداروں کی استعدادِ کار بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔