وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ تیس ارب یوآن کے کرنسی تبادلے کی سہولت کی مدت آئندہ سال ختم ہونے پر اس کی توسیع کی درخواست کرے گا۔
انہوں نے رائٹرز کو ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں مجوزہ دس ارب ڈالر کی ایکسچینج اسٹیبلائزیشن سہولت کے حوالے سے بھی دو ماہ میں امریکہ کے جواب کی توقع ہے۔
امریکہ اور چین سے بیک وقت اضافی تعاون کے حصول کی کوشش کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کے دونوں اہم اقتصادی ممالک اور عالمی طاقتوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے پاس اس ماہ اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے تیل کے وافر ذخائر موجود ہیں اور اگلے ماہ کے لیے بھی اس کی پوزیشن مستحکم ہے۔